Urdu: Urdu Bible Print

Updated ? hours ago # views See on WACS
مَلاکی
مَلاکی
مَلاکؔی نبی پُرانے عہد نامہ کا آخِری نبی ہے۔ مَلاکؔی کے معنی " میرا پیامبر" ہیں ۔ خُدا نے بنی اِسرؔائیل کو چنا، اُنہیں مِؔصر کی غُلامی سے آزاد کِیا، اُن سے عہد باندھا، اپنے قوانین اَور احکامات دئیے اَور یہ اِس لئے ہُؤا کہ خُداُن سے پیار کرتا تھا اَور اُن سے عہد باندھتا، برکت دیتا اَور کثرت کے وعدے کرتا تھا۔ مگر بنی اِسرؔائیل خُدا سے دُور ہو گئی۔ اِسی وجہ سے اُنہیں قوانین کی تابع فرمانی اَور عہد سے وفاداری سخت معلُوم ہونے لگی۔ نبی لوگوں کو خدا کی مُحبّت یاد دِلاتا ہے اَور رجُوع لانے کی تلقین کرتا ہے۔
کِتاب کے حِصّے یہ ہیں۔
باب ۱:۱-۵ اِسرؔائیل سے خُداوند کی مُحبّت
ابواب ۶:۱- ۱۶:۲ بے وفا کاہن
ابواب ۱۷:۲- ۲۴:۳ سزا اَور جزا
باب ۱

۱ بارِ نبُوّت۔مَلاکی کی معرفت اِسرؔائیل کے لئے خُداوند کا کلام۔ ۲ اسرائیل سے خداوند کی محبت خُداوند فرماتا ہےَ کہ مَیں نے تُم سے مُحبّت رکھّی لیکن تُم کہتے ہو کہ تُو نے کِس بات میں ہم سے مُحبّت ظاہر کی ہَے؟ کیا عَیؔسَو یَعقُوبؔ کا بھائی نہ تھا(خُداوند کافرمان ہَے)تو بھی مَیں نے یَعقُوبؔ سے مُحبّت رکھّی 1 ۳ لیکن عَیؔسَو سے نفرت کی۔ مَیں نے اُس کے پہاڑوں کو وِیران کر دِیا اَور اُس کی مِیَراث بیابان کے گیڈروں کو دی۔ ۴ اگر اِدوؔم کہے کہ ہم برباد تو ہُوئے لیکن وِیران جگہوں کو پھر تعمیر کریں گے تو ربُّ الا فواج یُوں فرماتا ہَے۔ وہ تعمیر کریں پر مَیں ڈھا دُوں گا اَور وہ شرارت کا مُلک اور وہ قوم کہلائیں گے جس پر ہمیشہ خُداوند کا قہر ہَے۔ ۵ تُم اپنی آنکھوں سے دیکھو گے اَور کہو گے کہ اِسرؔائیل کی حُدُود سے باہر بھی خُداوند عظیم ہے۔ ۶ کاہنوں کی غفلت بیٹا اپنے باپ کی عَزّت کرتا ہَے۔ غُلام اپنے آقا سے ڈرتا ہے۔ پس اگر مَیں باپ ہُوں تو میری عِزّت کہاں ہَے؟ اَور اگر آقا ہُوں تو مِیرا خوف کہاں ہَے؟ تُم سے ربُّ الافواج فرماتا ہَے۔ اَے کاہنو! اَے تُم جو میرے نام کی بے حُرمتی کرتے ہو تاہم تُم کہتے ہو کہ ہم نے کِس بات میں تیرے نام کی بے حُرمتی کی ہے 2 ۷ تُم میرے مذَبح پر ناپاک روٹی گُزرانتے ہو تا ہم تُم کہتے ہو کہ ہم نے کِس بات میں تیری توہین کی ہَے؟ اِس میں جو کہتے ہو کہ خُداوند کی میز حقیر ہَے۔ ۸ اَور جب اندھے جانور کو قُربانی کے لئے لاتے ہو تو کُچھ بُرا نہیں! اَور جب لنگڑا اَور بیمار لاتے ہو تو کُچھ نُقصان نہیں ! اَب یہی اپنے حاکِم کی نَذَر کر۔کیا وہ تُجھ سے خُوش ہو گا یا تُجھ پر مہر بانی کرے گا؟( ربُّ الافواج فرماتا ہَے)۔ ۹ پس تُم اُسی طرح خُدا سے مہربانی طلب کرتے جاؤ کہ تُم پر رحم کرے۔تُمہارے ہاتھوں نے اِتنا کُچھ کِیا ہَے۔پس وہ تُم پر مہربان ہو گا۔( ربُّ الافواج فرماتا ہَے)۔ ۱۰ کاش کہ تُم میں کوئی ایسا جو دروازے بند کرتا اَور تُم میری قُربان گاہ پر بے فائدہ آگ نہ جَلاتے۔مَیں تُم سے خُوش نہیں ہُوں( ربُّ الافواج فرماتا ہَے) اُور تُمہارے ہاتھ کا ہدیہ ہرگز قبُول نہ کرُوں گا۔ ۱۱ کیونکہ سُورج کی جائے طُلُوع سے لے کر اُس کی جائے غرُوب تک اقوام میں میرے نام کی تمجِید ہوتی ہَے اَور ہر ایک جگہ میں میرے نام کے لئے بخُور اَور پاک ہدیہ گُزرانا جاتا ہَے۔ فی الحقیقت اَقوام میں میرے نام کی تمجِید ہوتی ہے۔( ربُّ الافواج فرماتا ہَے)۔ ۱۲ لیکن تُم یہ کہہ کر اُس کی توہین کرتے ہو کہ خُداوند کی میز پاک ہَے اَور جو کھانا اُس پر آتا ہَے وہ بے حقیقت ہے۔ ۱۳ تُم یہ بھی کہتے ہو کہ دیکھ۔ یہ کیسی زحمت ہَے ! اَور اُس پر ناک چڑھاتے ہو۔( ربُّ الافواج فرماتا ہَے) اَور تُم زبردستی لئے ہُوے لنگڑے اَور بیمار کو لا کر گُزرانتے ہو۔ تو کیا مَیں اُسے تُمہارے ہاتھ سے قبُول کر لُوں؟( ربُّ الافواج فرماتا ہَے)۔ ۱۴ لعنتی ہَے وہ دغا باز جِس کے گلّے میں نر ہَے لیکن وہ مَنّت مان کر خُداوند کے لئے عیب دار مادہ گُزرانتا ہَے کیونکہ مَیں عظیم باشاہ ہُوں( ربُّ الافواج فرماتا ہَے) اَور قوموں میں میرا نام مُہیب ہَے۔


1،رومیوں ۱۳:۹
2، لُوقا ۴۶:۶

باب ۲

۱ اَور اَب اَے کاہنو۔ تُمہارے لئے یہ حُکم ہے۔ ۲ اگر تُم شَنَوا نہ ہو گے اَور میرے نام کی تمجِید کو مدّنظر نہ رکھّو گے۔( ربُّ الافواج فرماتا ہَے) تو مَیں تُم پر لعنت بھیجُوں گا اَور تُمہاری نعمتوں کو لعنتی کرُوں گا بلکہ لعنتی کر چُکا ہُوں اِس لئے کہ تُم نے اُسے مدِّ نظر نہ رکھّا۔ ۳ دیکھ۔ مَیں تیرے بازُو کو کاٹ ڈالُوں گا اَور تُمہارے مُنہ پر نجاست یعنی تُمہاری قُربانیوں کی نجاست پھینک دُوں گا اَور تُم اِسی کے ساتھ پھینک دِئیے جاؤ گے۔ ۴ اَور تُم جان لو گے کہ مَیں نے یہ حُکم تُمہیں اِس لئے دِیا ہَے کہ میرا عہد لاوؔی کے ساتھ قائم رہے ( ربُّ الافواج فرماتا ہَے)۔ ۵ میرا عہد اُس کے ساتھ زِندگی اَور سلامتی کا تھا۔ تو مَیں نے اُسے یہ عطا کیں۔ اَور خوف کا بھی تھا۔تو وہ مُجھ سے خوفزدہ اَور میرے نام سے ترساں رہا۔ ۶ ۔سچّائی کی تعلیم اُس کے مُنہ میں تھی اَور اُس کے لبوں پر ناراستی نہ پائی گئی۔وہ میرے حضُور سلامتی اَور راستی سے چلتا۔اَور بُہتوں کو بَدی کی راہ سے واپس لاتا رہا۔ ۷ یقیناً لازِم ہَے کہ کاہِن کے مُنہ سے شرعی مسائل پُوچھیں ۔کیونکہ وہ ربُّ الافواج کا رُسول ہے۔ ۸ لیکن تُم راہ سے پِھر گئے ہو اَور اپنی تعلیم سے بُہتوں کو ٹھوکر کھِلائی ہے تُم نے لاوی کے عہد کو خراب کر دِیا ہے( ربُّ الافواج فرماتا ہَے)۔ ۹ پس مَیں بھی تُمہیں سب لوگوں کے نزدیک ذلِیل اَور حِقیر کرتا ہُوں اِس لئے کہ تُم میری راہوں پر قائم نہیں رہے اَور تعلیم دیتے وقت میرے چہرے کا لحاظ نہیں کِیا۔ ۱۰ عہد میں بے وفائی کیا ہم سب کا ایک ہی باپ نہیں؟ کیا ایک ہی خُدا نے ہمیں پیدا نہیں کِیا؟ پِھر کیوں ہم ایک دُوسرے سے بےوفائی کر کے اپنے باپ دادا کے عہد کو بے حُرمت کرتے ہیں 1 ۱۱ یہُوؔداہ بے وفائی کرتا ہَے یرُوشلیِؔم میں ایک مکرُوہ کام کِیا جا رہا ہے۔ہاں جو خُداوند کے لئے مخصُوص اَور اُسے عزیز تھا اُسے یہُودؔاہ نے بے حُرمت کِیا ہَے کیونکہ اُس نے غیر مَعبُود کی بیٹی کو بیاہ لِیاہَے۔ ۱۲ خُداوند اُس شخص کو جو ایسا کرے چاہے وہ جو کوئی بھی ہو اُسے یَعقُوب کے خیمے سے نِکال دے گا۔پِھر بھلے وہ خُداوند کے سامنے قُربانی گُزارنے والا ہو۔اَور اِس گروہ سے بھی جو ربُّ الافواج کے حضُور ہدیہ لاتا ہے۔ ۱۳ اَور تُم یہ بھی کرتے ہو۔ یعنی تُم خُداوند کے مذَبح کو آنسُوؤں اَور آہ ونالے سے ڈھانپ دیتے ہو اَور اِس لئے وہ پِھر نہ تُمہارے ہدیہ پر نِگاہ کرتا ہَے اَور نہ اُسے تُمہارے ہاتھ سے قبُول ہی کرتا ہَے۔ ۱۴ اَور تُم کہتے ہو کہ سبب کیا ہَے؟ سبب یہ ہَے کہ خُداوند تیرے اَور تیری جوانی کی بیوی کے درمیان گَواہ ہے۔تُو نے اُس سے بے وفائی کی ہَے حالانکہ وہ تیری ساتھی اَور منکُوحہ بیوی تھی۔ ۱۵ کیا اُس نے ایک ہی نہیں بنایا۔ حالانکہ اُس کے پاس اَور بھی رُوحیں موجُود تھیں؟ تو پِھر ایک کیوں؟ اِس مقصد سے کہ خُدا ترس نسل پیدا ہو۔پس تُم اپنے نفس سے خبردار رہو اَور کوئی اپنی جوانی کی بیوی سے بے وفائی نہ کرے۔ ۱۶ کیونکہ مُجھے طلاق سے نفرت ہَے۔(خُداوند اِسرؔائیل کا خُدا فرماتا ہَے) اَور اُس سے بھی جو اپنی بیوی پر ظُلم کرتا ہَے(ربُّ الافواج فرماتا ہَے) پس اپنے نفس سے خبردار رہو اَور بے وفائی نہ کرو 2 ۱۷ یوم ِ خداوند تُم اپنی باتوں سے خُداوند کو بیزار کرتے ہو۔تو بھی تُم کہتے ہو۔ کہ ہم اُسے کِس بات میں بیزار کرتے ہَیں؟ اِسی میں جو کہتے ہو کہ ہر ایک جو بَدی کرتا ہَے وہ خُداوندکی نظر میں نیک ہَے اَور وہ اُس سے خُوش ہَے اَور یہ کہ عدل کا خُدا کہاں ہے 3


1۱۔کرنتھیوں ۶:۸، اِفسیوں ۶:۴
2متّی ۳۲:۵، مرقس ۱۱- ۹:۱۰، لُوقا ۱۸:۱۶، ۱۔ کرنتھیوں ۱۰:۷
3۲۔پطرس ۴:۳

باب ۳

۱ دیکھ۔ مَیں اپنا رُسول بھیجتا ہُوں جو میرے آگے راہ تیّار کرے گا اَور خُداوند جِس کے تُم طالِب ہو ناگہاں اپنی ہیَکل میں آموجُود ہو گا اَور عہد کا وہ رُسول جِس کے تُم آرزُو مند ہو۔دیکھو وہ آتا ہَے۔ (ربُّ الا فواج فرماتا ہَے) 1 ۲ لیکن اُس کے آنے کے دِن کو کون برداشت کرے گا؟ اُس کے ظہُور کے وقت کون کھڑا رہ سکے گا؟ کیونکہ وہ سُنار کی آگ اَور دھوبی کے تیزاب کی مانندہَے۔ ۳ اَور وہ چاندی کو تپانے اَور خالِص کرنے کو بیٹھے گا۔اَور وہ بنی لاوؔی کو سونے اَور چاندی کی مانند پاک اَور صاف کرے گا تاکہ وہ صداقت سے پِھر خُداوند کے حضُور ہدئیے گُزرانیں۔ ۴ اَور یہُودؔ اہ اور یرُوشلیِؔم کا ہدیہ خُداوند کو پسند آئے گا۔جیسا قدیم ایّام اَور گُزشتہ زمانے میں تھا۔ ۵ اَور مَیں عدالت کے لئے تُمہارے نزدِیک آؤں گا۔ اَور جادُو گروں اَور زِناکاروں اَور جُھوٹی قسم کھانے والوں کے خلاف اَور اُن کے خلاف تیّار گواہ ہُوں گا۔ جو مزدُور کی مزدُوری نہیں دیتے اَور بیوہ اَور یِتیم پر ظُلم کرتے اَور پردیسی کی حَق تلفی کرتے ہَیں۔اَور مُجھ سے نہیں ڈرتے (ربُّ الا فواج فرماتا ہَے)۔ ۶ کیونکہ مَیں خُداوند تبدیل نہیں ہوتا ہُوں اَور تُم اَے بنی یَعقُوؔب نیست نہیں ہُوئے۔ ۷ تُم اپنے باپ دادا کے وقت سے میرے قَوانین کو نہ مان کر اُن سےپھر تے آئے ہو۔تُم میری طرف رجُوع ہو تو مَیں تُمہاری طرف رجُوع ہُوں گا۔(ربُّ الا فواج فرماتا ہَے) لیکن تُم کہتے ہو کہ ہم کِس بات میں رجُوع ہوں 2 ۸ کیا کوئی اِنسان خُدا کو ٹھگے گا؟ جبکہ تُم مُجھے ٹھگتے ہو اَور کہتے ہو کہ ہم نے تُجھے کِس بات میں ٹھگا ہَے؟ دَہ یکیوں اَور نَذَرانوں میں۔ ۹ پس تُم سخت لعنتی ہو کیونکہ تُم بلکہ تمام قوم مُجھے ٹھگتے ہو۔ ۱۰ پُوری دَہ یکی ذخیرہ خانے میں لاؤ۔تاکہ میرے گھر میں خُوراک ہو اَور اِسی سے مُجھے آزمالو۔(ربُّ الا فواج فرماتا ہَے) اگر مَیں تُم پر آسمان کے درِیچے نہ کھولُوں اَور تُم پر برکت نہ برساؤں۔ یہاں تک کہ تُمہارے پاس گُنجائش نہ رہے 3 ۱۱ اَور مَیں تُمہاری خاطِر نِگلنے والے کو دھمکی دُوں گا اَور وہ تُمہاری زمین کے حاصِل برباد نہ کرے گا۔اَور میدان میں تاک کا پَھل کچّا نہ جَھڑ جائے گا۔(ربُّ الا فواج فرماتا ہَے)۔ ۱۲ اَور سب قومیں تُمہیں مُبارَک کہیں گی کیونکہ تُم دِل پسند سَر زمین ہو گے۔(ربُّ الا فواج فرماتا ہَے)۔ ۱۳ اجر وسزاتُمہاری باتیں میرے خلاف بُہت سخت ہَیں (ربُّ الا فواج فرماتا ہَے)۔ لیکن تُم کہتے ہو کہ ہم نے تیری مُخالفت میں کیا بات کہی ہَے؟ ۱۴ تُم نے یہ کہا ہَے کہ خُدا کی عِبادَت کرنا بے فائدہ ہَے اَور اُس کے اِحکام پر عمل کرنے اَور ربُّ الافواج کے حضُور ماتم کرنے کا کیا فائدہ ہَے؟ ۱۵ اَب تو ہم مغرُوروں کو خُوشحال کہتے ہَیں۔بَد کردار اِفزائش پاتے ہَیں۔ اَور ہم خُدا کو آزما کر بھی بچَے رہتے ہَیں۔ ۱۶ تب خُداوند سے ڈرنے والے آپس میں بات کرتے ہَیں۔خُداوند توجُّہ کرتا اَور سُنتا ہَے اَورجو خُداوند سے ڈرتے اَور اُس کے نام کو یاد کرتے ہَیں اُن کے لئے اُس کے حضُور ذِکر کرنے کی کِتاب لِکھی ہُوئی موجُود ہَے۔ ۱۷ اُس روز جِسے مَیں مخصُوص کرُوں گا (ربُّ الا فواج فرماتا ہَے)وہ میری خاص مِلکیّت ہوں گے اَور مَیں اُن پر ایسا شفِیق ہُوں گا جیسا باپ اپنے خدمت گُزار بیٹے پر شفیِق ہوتا ہے 4 ۱۸ تب تُم پِھر صادِق اَور شریر میں اَور خُدا کی عِبادَت کرنے والے اور نہ کرنے والے میں اِمتیاز کروگے۔


1،متّی ۱۰:۱۱، مرقس ۲:۱، لُوقا ۲۷:۷
2، اَعمال ۵۱:۷
3، ۲۔کرنتھیوں ۸-۶:۹
4،متّی ۲۲:۷ ، اَعمال ۳۱:۱۷

باب ۴

۱ کیونکہ دیکھ۔وہ دِن آتا ہَے جو تنُور کی مانند شُعلہ زَن ہَے۔ تب سب مغرُور اَور تمام بَد کردار بُھوسے کی مانند ہوں گے۔ اَور جو دِن آتا ہے وہ اُنہیں ایسا جَلائے گا(ربُّ الا فواج فرماتا ہَے) کہ نہ بُن اَور نہ شاخ چھوڑے گا 1 ۲ لیکن تُمہارے لئے۔اَے تُم جو میرے نام سے ڈرتے ہو۔ آفتابِ صداقت طُلُوع ہو گا اَور اَور اُس کے پَروں تلے شِفا ہو گی اَور تُم گاؤ خانے کے بچھڑوں کی مانندکُودو پھاندو گے۔ ۳ اَور شریروں کو پامال کرو گے کیونکہ وہ اُس روز جِسے مَیں مقرر کرُوں گا۔(ربُّ الا فواج فرماتا ہَے) تُمہارے پاؤں کے تلوؤں تلے راکھ ہوں گے۔ ۴ تُم میرے بندے مُوسؔیٰ کی شریعت کو یاد رکھّو۔ یعنی اُن فرائض و احکام کو جِن کا مَیں نے حورؔب پر تمام اِسرؔائیل کے لئے حُکم دیا۔ ۵ دیکھ۔ اِس سے پیشتر کہ خُداوند کا وہ بُزرگ اَور ہولناک دن آئے۔ مَیں اِ یلیاہ نبی کو تُمہارے پاس بھیجُوں گا۔ ۶ اَور وہ باپ کے دِل اولاد کی طرف اَور اولاد کے دِل باپ کی طرف مائل کرے گا ایسا نہ ہو کہ مَیں آؤں اَور زمین پر لعنت بھیجُوں 2


1، ۲۔تھسلنیکیوں ۸, ۷:۱ ،لُوقا ۷۸:۱، یُوحنّا۴:۱، ۱۲:۸، ۵:۹، ۴۶:۱۲
2، متّی ۱۴:۱۱، مرقس ۱۱:۹، لُوقا ۱۷:۱